تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی سیاست دان حشمت اللہ فلاحت پیشہ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران ایک تیسری طاقت کی وجہ سے جنگ کے دھانے پر پہنچ گئے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ تیسری طاقت کون ہے ۔رکن پارلیمان حشمت اللہ فلاحت پیشہ قومی سلامتی اور خارجہ تعلقات کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ چھڑتی ہے تو دونوں ممالک کے ساتھ زیادتی ہوگی ،کیوں کہ اس کا اصل محرک ایک تیسری طاقت ہے۔ ایرانی خبررساں ادارے برنا نیوز سے بات کرتے ہوئے حشمت اللہ فلاحت پیشہ نے امریکا اور ایران کے درمیان لڑائی کرانے والے تیسرے فریق کا نام نہیں لیا ، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ دونوں ممالک غیرمعمولی طور پر جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممالک ایک دوسرے کے بارے میں تیسرے ملک سے معلومات لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ فلاحت پیشہ نے گزشتہ برس بھی اس نوعیت کی بیان بازی کی تھی ، جس پر تہران میں نئی بحث شروع ہوگئی تھی۔ ان کے متنازع بیان پر ایرانی قومی سلامتی کونسل نے عدالت میں دعویٰ بھی دائر کردیا تھا۔ ادھر عراق میں ایرانی نواز ملیشیائوں کی موجودگی کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ خاص طورپر امریکا اور ایران میں کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب 3جنوری کو امریکا نے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو بغداد میں فضائی حملے میں ہلاک کردیا تھا۔