لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 2 پائلٹس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
کینیڈا سے وطن واپس آنے والے پی آئی اے کے 2 پائلٹس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے دونوں متاثرہ کپتانوں کو لاہور کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پائلٹس دیگر افراد کے ہمراہ فلائٹ بندش کے باعث ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے تھے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق پی آئی اے کے دو پائلٹس اور عملے کے دیگر 3 ارکان کا کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے دونوں پائلٹس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا جبکہ منفی ٹیسٹ کے حامل عملے کے دیگر 3 ارکان کو 15 دن الگ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اب تک پنجاب میں 1 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز پی آئی اے کے 4 پائلٹس کو قرنطینہ کرنے پر پی آئی اے کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ پی آئی نے اس فیصلے پر احتجاجاً فضائی آپریشن بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔ سی ای او ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے عملے کے بارے میں کورونا وائرس کی موجودگی کی اطلاعات گمراہ کن ہیں۔