وائرس کا پھیلائو کم ہوا ، لاک ڈائون میں اٖضافے کا کچھ نہیں کہ سکتے، اسد عمر

101

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ بندشوں کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آئے ہے تاہم لاک ڈاؤن میں کمی یااضافے سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس پھیلنے کی رفتار سست ہونا حوصلہ افزا بات ہے،قوم نظم و ضبط کا مظاہرہ کررہی ہے اور یہی اس وبا سے مقابلے کا واحد طریقہ ہے تاہم بعض علاقوں میں احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد نہیں ہورہا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اور طبی عملہ ہمارے ہیروز ہیں انہیں حفاظتی سامان کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے،طبی عملے کو حفاظتی سامان کی براہ راست فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔اسد عمرنے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ملک کی کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے، وائرس پھیلنے سے صحت کے
نظام پر بوجھ پڑسکتا ہے، کوشش ہے صورت حال قابو سے باہر نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں جن سے امیر اور غریب دونوں ہی متاثر ہورہے ہیں۔