آٹا ، چینی مافیا کیخلاف ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق کارروائی کی جائے ، شہباز شریف

117

 

لاہور/اسلام آباد(نمائندگان جسارت)ن لیگ کے صدراور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے آٹا چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کردیا۔اپنے بیان میں ان کاکہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کے چیئرمین بھی ہیں، یہ رپورٹ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فردِ جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ وزیراعظم اپنے اور وزیراعلیٰ کے خلاف اس بڑے پیمانے کی کرپشن اور اقرباپروری پرکیا کارروائی کرتے ہیں؟۔ علاوہ ازیں ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی ترجمان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ترجمان کی پریس کانفرنس ایف آئی آئے کی آٹا اور چینی چوری کے حقائق سے برعکس ہے ،حکومتی ترجمان کی رپورٹ الگ جبکہ ایف آئی
اے کی رپورٹ الگ ہے ، حقائق مسخ کرنے سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی چوری چھپ نہیں سکتی ، وزیراعظم کے منہ پر کرپشن کی کالک لگ چکی ہے،حکومتی ترجمان اپنے جھوٹ دوسروں پر ملنے کی ناکام کوشش نہ کریں، ایک بیان میں انہوں نے کہا ماضی کی حکومتوں کا نام لے کر اب عمران خان اور بزدار کی چوری کوئی حکمران نہیں چھپا سکتا ،نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں عوام کے حق پہ ڈاکا ڈالنے کی کسی کو جرات نہیں تھی ،عمران خان تاریخ میں اِس بات کی بھی نظیر نہیں ملتی کہ ملک کا وزیراعظم عوام کا آٹا اور چینی چور ہو ،جن اے ٹی ایمز سے وزیراعظم کا کچن چلتاہے، پارٹی کی فنڈنگ ہوتی ہے، انہیں کو وزیراعظم نے فائدہ پہنچایا ۔