سانگھڑ، شہری کی دکان غیر قانونی طریقے سے مسمار کردی گئی

177

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) چیف میونسپل آفیسر سنجھورو رضا حسین نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری کی دکان غیر قانونی طریقے سے مسمار کردی، مقامی پولیس خاموش تماشائی۔ سانگھڑ کے نواحی علاقے سنجھورو میں شہداد پور روڈ پر چیف میونسپل آفیسر سنجھورو نے غلام حیدر مہر کی دکان غیر قانونی طریقے سے مسمار کردی۔ کرایہ دار ارشد ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ CMO سنجھورو سیاسی بنیاد پر تنگ کررہا ہے اور ہماری مذکورہ دکان کو مسمار کر کے میونسپل کمیٹی کے نام پر دوبارہ دکانیں بنا کر بیچنا چاہتا ہے اور اس سے قبل بھی میونسپل کمیٹی کی زمین پر دکانیں بنا کر اپنے ہی ملازمین کو قیمتی زمین کوڑیوں کے داموں بنا کسی اوپن آکشن کے فروخت کرچکا ہے۔ ارشد ملک نے مزید بتایا کہ اس نے سیشن جج سانگھڑ کی عدالت میں CMO سنجھورو کیخلاف تحفظ کی درخواست دی تھی جو کہ منظور کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود CMO سنجھورو نے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دکان بغیر کسی عدالتی حکم کے مسمار کردی ہے اور مقامی پولیس بھی خاموش تماشائی نبی ہوئی ہے۔ ہم نے عدالت میں کیس داخل کیا جو کہ زیر سماعت ہے لیکن TMO سنجھورو سیاسی مخالفین کے ایما پر ہماری جائیداد پر قبضہ کرنے کے در پہ ہے اور ہم سے بھاری رشوت طلب کر رہا ہے اور نہ دینے پر ہماری دکان کو مسمار کررہا ہے۔ غلام حیدر مہر اور ارشد ملک نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ CMO سنجھورو کے غیر قانونی عمل کیخلاف کارروائی کی جائے اور سنجھورو کے عوام کو کرپٹ CMO سے نجات دلائی جائے۔