کراچی: کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے جاری لاک ڈاؤن غیر اعلانیہ کرفیو میں تبدیل ہوگیا ۔
سندھ حکومت نے گزشتہ روز دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک شہر کو مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھااور مساجد میں باجماعت نماز پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی البتہ پیش امام سمیت 4 سے 5 افراد باجماعت نماز ادا کرنےکا حکم نامہ جاری کیا تھا ۔
جسارت نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں جمعہ کے روز 3 گھنٹے کے انتہائی سخت لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جسے غیر اعلانیہ کرفیو کہا جاسکتا ہے ، دن 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک نہ کوئی دکان کھلے گی اور نہ ہی کوئی ٹرانسپورٹ چلے گی جبکہ شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی ، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا ۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا بھی باقاعدہ اعلان کیا ہےجس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں لاک ڈاون کےتحت پابندیوں کا اطلاق 14 اپریل تک جاری رہےگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران تمام عوامی، سیاسی، مذہبی و دیگر اجتماعات پر پابندی ہوگی، صرف مقررہ اوقات کے دوران مخصوص کاروباری سرگرمیاں کی جاسکیں گی، مساجد میں 4 سے 5 افراد باجماعت نماز ادا کرسکیں گے، عام شہری نماز ظہر گھر پر ہی ادا کریں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نماز جنازہ اور تدفین کے علاوہ ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی،نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی جبکہ سندھ میں تمام انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی بند رہے گی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ نقل وحرکت ممنوع ہوگی۔