لاہور (نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے ملک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے کسی واضح پالیسی کا نہ ہونا خطرناک ہوگا، پیٹرول ،ڈیزل کی قیمت 70روپے لیٹر مقرر کرنے سے حکومت کو نقصان نہیں ہوگا،مشکلات سے نکلنے کیلیے قومی حکمت عملی ناگزیزہے،تاجروں کی مشاورت اور تجاویز سے چارٹر آف ڈیمانڈ مرتب کرکے حکومت کو پیش کریں گے ، مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقے کی مدد کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو تاجر اور کاروباری برادری سے وڈیو لنک کے زریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی اور کورونا کی وجہ سے درپیش مشکلات اور مسائل پر مشاورت کی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا قوم کو آج اپنی زندگی کے ایک مشکل ترین امتحان کا سامنا ہے۔چھوٹے بڑے تاجروں سے موجودہ معاشی مشکلات پر ہمدردی اور افسوس ہے۔ کاروباری برادری جس بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی ہے، مجھے اس کا اداراک ہے اس اجلاس کا مقصد یہ ہے کہ صنعتکار، تاجراورکاروباری برادری جن مشکلات سے دوچار ہے، ان سے یک جہتی کا اظہار کریں۔ آپ کی مشاورت اورتجاویزسے ایک چارٹرآف ڈیمانڈ مرتب کرکے حکومت کو پیش کیاجائے۔ اصل مسئلہ اور خطرہ کورونا سے زیادہ اس چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت، سنجیدگی اور عزم کا ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ اللہ کریم مشکل حالات میں ہمیشہ انسانوں کی مدد فرماتا ہے۔ کورونا کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج اور کاروباری سرگرمیوں میں مندی کے گہرے اثرات ہیں۔ اس مشکل معاشی صورتحال میں کاروباری برادری کی مدد اور رہنمائی کرنا ہوگی۔ برآمدات میں 50فیصد تک کمی آسکتی ہے ،معیشت میں سرمایہ کاری پر بھی منفی اثرآسکتا ہے۔ اس صورتحال میں جی ڈی پی گروتھ کی شرح منفی اور بے روزگاری بڑھنے کا خدشہ ہے۔ہمیں صنعت، فیکٹری، مل، دکاندارسمیت مزدور اورغریب ترین طبقات سب کا خیال رکھا ہے۔ میری آپ سے درخواست ہوگی کہ آپ سب کے تجربے، مہارت اور قیمتی آراوتجاویز سے استفادہ کیاجائے۔ ہم آپ کی تجاویز اور مشاورت سے حکومت کو راہ عمل دینا چاہتے ہیں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں میری آپ سے درخواست ہوگی کہ نادار طبقات کا خاص رکھیں۔ مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش لوگ ہم سب کی مدد کے حقدار ہیں۔ پاکستان کے تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری برادری نے ہر مشکل میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا ہے ۔ مجھے پورا یقین اور اعتماد ہے کہ ہمیشہ کی طرح آپ پھر اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔