کورونا کے علاج میں اہم پیشرفت: مریض نے اپنا پلازمہ عطیہ کردیا

1158

کراچی : کورونا سے صحت یاب ہونےوالے پہلے مریض یحیٰ جعفری نے چلڈرن ہسپتال کراچی کو اپنا پلازمہ عطیہ کردیا۔

کراچی میں چلڈرن ااسپتال کراچی کے سی ای او اورمعروف ہیما ٹالوجسٹ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی حکومتی فنڈ ،اضافی ورک فورس یا مشینری کی ضرورت نہیں ہے،جو مشینیں ڈینگی کے علاج کے لیے پلازمہ پراسس کرنے کے کام آتی ہیں انہی مشینوں کو کورونا کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ ہمارے پاس تربیت یافتہ عملہ موجود ہے جس کے ذریعے ہم کورونا وائرس سے متاثرہوکراب صحت مندہونے والے مریضوں کے جسم سے پلازمہ حاصل کرکے اس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کر سکتے ہیں،حکومت کو متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے گائیڈ لائنز جاری کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کا مقابلہ تین جہتوں میں کررہے ہیں ،ہماری  کوشش ہے کہ اسے پھیلنے سے روکیں،متاثرہ مریضوں کا علاج کریں اور معاشرے میں خوف وہراس کو نہ پھیلنے دیں،کورونا ایک نیا وائرس ہے دنیا اس کے علاج کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے ماضی کے تجربات سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

ڈاکٹر ثاقب انصاری نے بتایا کہ پلازمہ محفوظ کرنے کا موثر طریقہ کار پاکستان کے اکثر اسپتالوں میں پہلے ہی موجود ہے۔ امریکی اداروں نے اشتہار شایع کروایا ہے اور صحت یاب ہونے والے مریضوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا پلازمہ عطیہ کریں، ہم حکومت کی اجازت کے ساتھ مخصوص ڈاکٹروں اور ماہرین کو پلازمہ تک رسائی دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم پانچ دن کے اندر کورونا وائرس سے صحت مند ہونے والے تمام مریضوں کا پلازمہ لے کر اسے محفوظ کر سکتے ہیں۔ پاکستان بھر میں اب تک 94افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے تقریباً نصف تعداد خواتین کی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں ثاقب انصاری نے یحییٰ جعفری کے والدین کے عزم و حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کورونا سے صحت یاب ہونے والے دیگر مریضوں سے بھی اپیل کی کہ انسانیت کی بہتری کے لیے وہ آگے آئیں۔

اس موقع پر پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے مریض یحییٰ جعفرینے کہا کہ آج چلڈرن اسپتال کراچی کو اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے ۔ بہت جلد یہ وائرس تاریخ کا حصہ بن جائے گامگر جو چیز یاد رکھی جائے گی وہ ہمارا عزم اور حوصلہ ہوگا۔

یحییٰ جعفری نے کہا کہ رومان رئیس نے قوم سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور خودکو گھروں تک محدود رکھ کر خود محفوظ رکھیں۔