سول اسپتال ٹھٹھہ اور ایلیمینٹری کالج میں دو آئیسولیشن وارڈ قائم

340

ٹھٹھہ ( نمائندہ جسارت ) سول اسپتال ٹھٹھہ اور ایلیمینٹری کالج ٹھٹھہ میں دو آئیسولیشن وارڈ قائم کردیے گئے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد حنیف میمن نے ٹھٹھہ کو کورونا وائرس سے پاک قرار دیدیا، پریس بیان میں ڈی ایچ او ٹھٹھہ نے کہا ہے کے حالیہ پچھلے دنوں میں ایران اور سعودی عرب کا سفر کرنے والے شہریوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامت موجود نہیں تمام لوگوں کا معائنہ کیا گیا ہے اور ان کو 14 دنوں کے لیے گھروں میں آئیسولیٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب عمرہ ادائیگی کرکے پہنچنے والے 66 ٹھٹھہ کے شہری سعودی حکومت کی جانب سے بھی کرونٹائز ہیں اور مزید ٹیسٹ رپورٹ آنے کے بعد ضرورت پڑنے پر قائم آئیسولیشن وارڈ میں رکھے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کے ابھی تک ٹھٹھہ میں ایک بھی کورونا کا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہوئے رد کردیا کہ ٹھٹھہ میں کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری اطمینان میں رہیں محکمہ ہیلتھ ٹھٹھہ متحرک ہے، مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں، جو مختلف شہروں، گاؤں کا دورہ بھی کررہی ہیں اور آئیسولیشن وارڈ بھی شہریوں کی سہولیات کے لیے قائم کیے گئے ہیں تاکہ ممکنہ مریض کو آئیسولیٹ کیا جاسکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کے تمام اسپتالوں اور صحت سینٹرز میں کام کرنے والے عملے کو حفاظتی ماسک، ہینڈ گلوز، سینیٹائزر، صابن جیسی سہولیات میسر کی جارہی ہیں تاکہ عملے اور شہریوں کو کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے روکا جاسکے، وہاں صوبائی مشیر اور حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کے ممبر سید اعجاز علی شاہ شیرازی اور ڈی ایچ او ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد حنیف میمن نے ایلیمینٹری کالج میں بنائے گئے آئیسولیشن وارڈ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔