کورونا تبلیغی جماعت کی وجہ سے نہیں آیا،چودھری پرویز الٰہی

338

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تبلیغی جماعت پر ظلم وزیادتی کر کے اللہ کے عذاب کو دعوت نہ دی جائے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے تبلیغی جماعت کے اجتماع پر کافی تنقید کی جا رہی تھی۔ کچھ دن قبل اسلام آباد میں تبلیغی جماعت کے کچھ ارکان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد گزشتہ روز لاہور رائیونڈ سٹی میںمکمل لاک ڈائون کر دیا گیا تھا۔چونکہ تبلیغی جماعت کا مرکز رائیونڈ سٹی میں موجود ہے، اس لیے انتظامیہ کی جانب سے مکمل لاک ڈائون کے بعدلوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں تبلیغی جماعت والوں پر ظلم و زیادتی نہیں کرنی چاہیے۔بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا ان کی وجہ سے نہیں آیا۔پنجاب حکومت کا ان سے رویہ مناسب نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ان پر زیادتی کر کے اللہ کے عذاب کو دعوت نہیں دینی چاہیے۔تبلیغی جماعت والے پر امن لوگ ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ امن کے ساتھ تبلیغ کی ہے، لیکن وہ لوگ لاوارث نہیں ہیں، اس لیے ہمیں ان کے ساتھ مناسب رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ چودھری پرویز الٰہی کاکہنا تھا کہ اس سلسلے میں ان کی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بات ہوئی ہے جس کے بعد ان سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ تبلیغی جماعت کے جن افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہورہی ہے ا ن کے ساتھ مناسب رویہ اختیار کیا جائے۔