عوام پر کڑا وقت ہے، عمران خان جھوٹ سے پرہیز کریں، مریم اورنگزیب

215

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے کنٹونمنٹ اسپتال کے اپ گریڈیشن کے منصوبے کے افتتاح کرنے پر ردعمل کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب عوام کورونا کے کڑے وقت سے گزر رہے ہیں ، خدا کے لیے جھوٹ بولنے سے پرہیز کریں اور پچھلے جھوٹوں کی معافی مانگیں۔مسلم لیگ ن کے بنائے منصوبے پر تختی لگائی، پھر اسی کے خلاف بیان بھی دیا، واہ عمران صاحب واہ۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے بنائے اسپتال میں کھڑے ہوکر عمران صاحب نے اس پر ہی صحت کے شعبے کی تباہی کا جھوٹا الزام بھی لگادیا، عمران صاحب 7 سال خیبرپختونخوا میں حکومت ہونے کے باوجود کتنے اسپتالوں کا وہاں افتتاح کیا؟، پختونخوا میں تو کوئی منصوبہ ہے نہیں جس پر تختی لگائیں تو پنجاب میں اتنے منصوبے کہاں سے آگئے؟۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ابھی تک جتنے اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کا علاج ہو رہا ہے وہ نواز شریف اورشہباز شریف کے بنائے ہوئے ہیں جو آپ سے مینج نہیں ہو رہے۔