آئی پی ایل میں تاخیر سے بھارتی کرکٹرز معاوضوں سے محروم

138

نئی دہلی (جسارت نیوز) کورونا وائرس کے نتیجے میں تاخیر کے شکار ایونٹ آئی پی ایل سے زیر معاہدہ کرکٹرز معاوضوں سے محروم ہیں اور انڈین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ اشوک ملہوترا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث نقصانات ہوئے تو ڈومیسٹک کرکٹرز بھی متاثر ہوں گے، آئی پی ایل کو 15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا ہے تاہم بی سی سی آئی حکام کوئی متبادل ونڈو تلاش نہیں کر سکے تو امکان ہے کہ ایونٹ کو منسوخ کر دیا جائیگا۔ قوانین کے مطابق آئی پی ایل کے آغاز سے ایک ہفتے قبل زیر معاہدہ کرکٹرز کو15فیصد معاوضوں کی ادائیگی کی جاتی ہے جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران 65 فیصد رقم دی جاتی ہے جبکہ باقی رہ جانیوالا 20 فیصد معاوضہ پہلے سے طے شدہ وقت کے مطابق ایونٹ کے اختتام کے بعد ادا کیا جاتا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ فی الحال کسی کھلاڑی کو معاوضے کی ادائیگی نہیں کی جائیگی کیونکہ ائی پی ایل کے نہ ہونے سے معاشی بدحالی کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔انڈین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف اشوک ملہوترا کا کہنا تھا کہ اگر کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہا تو ڈومیسٹک کرکٹرز کو بھی تنخواہوں میں کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ بی سی سی آئی حکام متبادل ونڈو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جب ایونٹ کا مختصر انعقاد یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔