اسلام آباد (آن لائن) کورونا وائرس کے باعث ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لیے مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ آج کیس کی سماعت کریں گے‘ مجلس وحدت المسلمین نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں وفاق، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ، وزارت دفاع اور چیئرمین
پیمرا کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ہزاروں زائرین ایران میں پھنسے ہیں جن کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی یا ختم ہونے والی ہے‘ زائرین کو ایران جانے کے ویزے جاری کیے گئے لیکن اب انہیں واپس پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی آئینی ذمے داری ہے کہ زائرین کی بحفاظت وطن واپسی کے اقدامات کرے‘ اور عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ زائرین کی واپسی کے احکامات جاری کرے۔