شہباز شریف مفادات پر مبنی سیاست کو قرنطینہ کرلیں، پنجاب حکومت

114

لاہور (نمائندہ جسارت) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے مایوسی پھیلانے اور منفی پراپیگنڈے سے واضح ہوگیا ہے کہ وہ اپنی سیاست چمکانے کے لیے وطن واپس آئے ہیں، موجودہ حالات میں اگر شہباز شریف اور ان کے حواری اپنی مفادات پر مبنی سیاست کو قرنطینہ کر لیں تو ان کا ملک و قوم پر احسان عظیم ہوگا ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کو ہر طرح کا حفاظتی سامان فراہم کیا جارہا ہے ، عوامی مقامات کو ڈ س انفیکشن کرنے کا عمل بھی تیز کر دیاگیا ہے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف وزیر اعظم عمران خان اورسردار عثمان بزدار سے تعصب کی وجہ سے بیشک سندھ حکومت کی تعریفیں کریں لیکن پنجاب کی عوام میں مایوسی پھیلانے اور منفی پروپیگنڈے سے باز رہیں ، آج عوام سوال کر رہے ہیں کیا شہباز شریف اسی مقصد کے لیے بیرون ملک سے واپس آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم نے ایک قوم بن کر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کرنا ہے لیکن شہباز شریف اور ان کے حواری اس مقصد میں رکاوٹ بن رہے ہیں،ان شا اللہ یہ مشکل وقت بھی کٹ جائے گا لیکن عوام منفی سیاست کو فروغ دینے والوں کا ضرور احتساب کریں گے۔