غیرملکی قرضے ری شیڈول کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘ شاہ محمود قریشی

546
ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی قرنطینہ سینٹر میں مریضوں سے خطاب کررہے ہیں

ملتان (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے غیر ملکی قرضے ری شیڈول کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی عالمی سطح پر رابطوں میں مصروف ہے ، ایران پر پابندیاں ختم کرانے کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے ،عالمی برادری کشمیر میں 8ماہ سے لگائے گئے لاک ڈائون کی اذیت کو محسوس کرے، ہم لوگ 15دن کے لاک ڈائون سے پریشان ہیں،کشمیری عوام8ماہ سے کس اذیت سے گزر رہے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں قائم قرنطینہ سینٹر کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ‘ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک و ملتان انتظامیہ کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں نے فرانس ‘ برطانیہ ‘ اٹلی ‘ سپین ‘ چین سمیت سارک ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بالخصوص جی 20ممالک تیسری دنیا کے ممالک جن کا ہیلتھ سسٹم کمزور ہے، ان ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کر دے تاکہ قرضوں کے سودوالا پیسہ اس وبا سے مقابلہ کرنے کے لیے اور عوام کو صحت سے وابستہ سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے استعمال کیا جاسکے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی ہماری درخواست کی تائید کی ہے ۔ امید ہے ہماری درخواست پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔