سابق امیر جماعت شیخوپورہ کی غیرقانونی گرفتاری قابل مذمت ہے‘ امیر العظیم

366

لاہور( نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستا ن امیر العظیم نے سابق امیر ضلع شیخوپورہ شیخ محمد جمیل کی بلا جواز گرفتاری اور انہیں 24گھنٹے حبس بے جا میں رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے اس شرمناک واقعہ کا سختی سے نوٹس لینے اور اس کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ امیر العظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ شیخ محمد جمیل نے زندگی بھر عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ ان پر جعل سازی کا الزام لگانا اور جھوٹا مقدمہ درج کرنا ڈھٹائی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی بدترین مثال ہے۔الخدمت کے رضا کار ملک بھر میں کورونا سے بچاؤ کے لیے عوام میں سینی ٹائزر ماسک اور راشن تقسیم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ نے اس ظلم و جبر کا نوٹس نہ لیا اوراس کے ذمے داروں کے خلاف تا دیبی کاروائی نہ کی تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔امیر العظیم نے کہا کہ شیخوپورہ کی ضلعی انتظامیہ کو رونا وائر س کے خلاف ہماری مہم کو نقصان پہچانے کے لیے ظالمانہ ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔لیکن انتظامیہ کے یہ ہتھکنڈے ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتے۔