ایران میں کورنا وائرس کی دوا سمجھ کر میتھانول پینے سے اموات کی تعداد 300 سے زائد ہوگئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں ایک ہزار فیملیز کے تین ہزار افراد نے میتھانول دوا کو کورونا کا علاج سمجھ کر پی لیا جس کے نتیجے میں اب تک 300 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اموات کی تعداد بڑھ کر 480 تک پہنچ سکتی ہے کیونکہ زہریلے مواد سے 3 ہزار افراد کی حالت غیر ہوئی تھی جس میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
ایرانی میڈیا پر جاری ویڈیوز میں میتھانول پینے سے متاثرین کو اسپتالوں میں ان بستروں پر پڑا دکھایا گیا ہے جو کورونا متاثرین کے لیے مختص تھے۔
8 کروڑ آبادی کا ملک ایران کورونا وائرس کی وبا سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور اب تک مہلک وبا سے قریباً 3 ہزار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔