مساجد کو تالے لگا کر بند رکھنا قابل مذمت عمل ہے، ڈاکٹر اے جی انصاری

284

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جے یو آئی کا پولیس کی جانب سے مساجد کو تالے لگانے، جے یو آئی رہنمائوں کیخلاف جھوٹے کیس داخل کرنے اور شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنے پر احتجاج۔ جمعیت علما اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری،ضلعی جنرل سیکرٹری سید عبدالباسط شاہ ،تعلقہ جیکب آباد کے امیر حافظ میر محمد بنگلانی و دیگر نے کہا کہ پولیس نے نماز کے اوقات میں مساجد کو تالے لگا کر بند کر رکھا ہے جوکہ قابل مذمت عمل ہے۔ مزید جے یو آئی کے رہنمائوں کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کر رہی ہے، جے یو آئی جیکب آباد کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالجبار رند کے خلاف دوسری مرتبہ کیس داخل کرکے انتقامی کارروائی کررہی ہے، یہاں تک کہ دوسرے مسلک کی مسجد کے نام سے جھوٹا مقدمہ داخل کرکے ہراساں کیا جارہا ہے۔ ٹھل جے یوآئی سٹی کے صدر قاری عنایت اللہ مہر کے گھر میں پولیس نے بلاجواز گھس کر اسلحہ تان کر چادر اور چاریواری کا تقدس پامال کیا۔ جے ٹی آئی جیکب آباد کے جنرل سیکرٹری عبیداللہ رند کو بلاجواز گرفتار کرکے لاکپ کردیا۔ دوسری طرف لاک ڈائون کے سبب سامان خریدنے والے شہریوں، میڈیکل عملے اور صحافیوں کو بھی تنگ کیا جارہا ہے۔ ایک طرف کاروبار بند ہے، دوسری طرف تنگ کرنا اور جھوٹے کیس تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ داخل جھوٹے کیس ختم، شہریوں کو تنگ کرنا اور انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔