۔10 ، 12 روز تک شہری اپنی موجودگی گھروں میں یقینی بنائیں، میئر سکھر

135

 

سکھر (نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت بلدیہ اعلی سکھر کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، یوسی چیئرمینز سمیت خواتین، اقلیتی، لیبر اور یوتھ ممبران نے شرکت کی۔ ہنگامی اجلاس طلب کیے جانے کا مقصد موجودہ حالات کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سمیت اس سے متعلقہ دیگر اہم مسائل پر غور و خوص کیا جانا تھا۔ اجلاس میں یوسی چیئرمینز و ممبران نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا جبکہ راشن کی تقسیم کے حوالے سے مخصوص بلیک میلر ٹولے کی تنقید پر کان دھرے بغیر نیک عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کیے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ آئندہ 10،12 روز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اس دوران اپنی موجودگی گھروں میں یقینی بنائیں تاکہ کورونا کی وبا سے جلد از جلد چھٹکارا مل سکے کیونکہ کورونا سے بچائو کا واحد حل احتیاط ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام اراکین کونسل کی جانب سے رکن قومی اسمبلی اور سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ کی رہائی کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قبل ازیں نماز ظہر کے بعد کورونا وائرس سے نجات کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔