اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس دنیا کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے‘ پاکستان اوردیگر ترقی پذیر ممالک کو اس چیلنج سے نمٹنے میں شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے‘ وبائی چیلنج سے نمٹنیکے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وہ اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینٹر جولین فریڈرک مارکوم ہارنیس سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ جولین فریڈرک نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کی تیاری میں بھرپور معاونت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور
نوجوانان عثمان ڈار نے پیر کو ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کورونا وائرس کے حوالے سے خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کے لییٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کے جذبے اور استعداد کار کو پیش نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو کورونا کے خلاف ضرورت مندوں کی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 80 لاکھ کشمیری بھارتی استبداد سے نجات کے لیے عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کی توجہ کے منتظر ہیں‘ او آئی سی کو اس صورتحال کا نوٹس لینے اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے پیر کو سیکرٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنیکے لیے او آئی سی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور اس وبائی چیلنج کے تناظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 8 ماہ سے جاری مسلسل کرفیو کے باعث وہاں ادویات اور خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے ۔ وزیر خارجہ نے او آئی سی کو اس صورتحال کا نوٹس لینے اور مؤثر کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ موجودہ عالمی وبائی چیلنج کے پیش نظر اسلامی ترقیاتی بینک او آئی سی کی مالی معاونت کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ دریں اثنا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لییہماری استعداد کار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔