اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کی تعیناتی کے ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی 4 ہفتوں کے لیے راہداری ضمانت منظور کرلی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق وزیراعظم ومسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بیرسٹر ظفراللہ خان عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ہم شاہد خاقان عباسی کی راہداری ضمانت کے لیے آئے ہیں، ہمیں نیب کی جانب سےکوئی سمن بھی موصول نہیں ہوا، میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ نیب نے کراچی میں ایک نیا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ابھی تو جہاز بھی نہیں جا رہے جس پر بیرسٹرظفراللہ نے کہا کہ ہم تو عدالت حاضر ہونا چاہتے ہیں، راہداری ضمانت دی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی 4 ہفتوں کے لیے راہداری ضمانت منظور کرلی ہے۔