حکومت قوم کو کورونا وائرس سے متعلق اصل حقائق سے آگاہ کرے ، شہباز شریف

172

 

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوروناوائرس سے متعلق قوم کو اصل صورتحال بتائی جائے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حقائق چھپانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے‘ قوم کو اصل صورتحال بتائی جائے‘ تمام ڈیٹا قوم کے سامنے لایا جائے کہ کتنے لوگوں کی اسکریننگ ہوئی اور کتنے افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بچانے اور محفوظ بنانے میں کورونا وائرس کی نگرانی اور بچا ئوکی کلیدی اہمیت ہے‘اسپتالوں سے کورونا کے مریضوں کو فی الفور الگ کیا جائے‘ شادی ہال، مساجد، اسکول، کالج کی عمارتوں کو قرنطینہ مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے‘ ہر فرد کی ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے‘ کورونا ٹیسٹنگ کو فوری طور پر مفت کیا جائے‘ سماجی فاصلے اور ایک دوسرے سے دور رہنے کے طبی اصول پر سختی سے عمل کیا جائے‘ ڈاکٹرز، پولیس اور معاون عملے کی
تربیت کی جائے‘ کورونا مریضوں کو اچھوت نہ بنایا جائے‘ ان کا ہمدردی اورغم گساری سے علاج کیا جائے‘ ان سے ملزم والا برتائو نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ اسپتالوں میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی کے تجزیے کے لیے قائم ہونے والی لیبارٹریوں کو کورونا پی سی آر کٹس اور بائیو سیفٹی کیبنٹس فراہم کی جائیں‘ ہنگامی بنیادوں پر کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال، احتیاط، علاج، مشینوں کے استعمال اور ٹیسٹنگ کے متعلقہ امور کی تربیت کا پلان بنایا جائے‘ ڈی ایچ کیوز میں بائیو سیفٹی لیول ٹو کٹس کی تبدیلی سے پی سی آر مشینوں کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔