لاڑکانہ،راشن اور مالی امداد نہ ملنے کیخلاف مزدوروں کا احتجاج

171

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں لاک ڈائون کے ساتویں روز بھی دیہاڑی پر کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے اہلخانہ کی جانب سے راشن اور مالی مدد کے لیے پریس کلب سمیت دیگر مقامات پراحتجاجی مظاہرے کیے گئے، اس موقع پر خواتین ریشمان، حلیمہ، نور جہان، امبرین و دیگر نے بتایا کہ لاک ڈائون کے بعد پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے ہیں، جس کے باعث ہمارے مرد گھروں تک محدود ہیں۔ روزگار نہ ہونے کے باعث گھر والے اور معصوم بچے فاقہ کشی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، متعدد بار یوسی چیئرمین کو شکایتیں کرکے تھک چکے تاہم ان کی جانب سے راشن فراہم نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب راشد کورائی، علی بخش، نظام الدین، ظفر و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ سات روز سے بے روزگار ہیں لاک ڈائون کے باعث کوئی روزگار بھی نہیں کرسکتے، لاک ڈائون سے قبل روزانہ محنت مزدوری کرکے گھر والوں کی کفالت کرتے تھے تاہم اب بے روزگار کے باعث گھر والے دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ و دیگر سے اپیل کی کہ راشن فراہم کرکے مالی مدد کی جائے۔