فیصل آباد، پیما کی مفت ٹیلی میڈیسن پیما ہیلتھ لائن سروس شروع

233

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر سید ناصر علی شاہ، سٹی صدر ڈاکٹر عزیر حسن، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مبشر رزاق، ڈاکٹر محمد شاہد، شفقت جاوید، ڈاکٹر خالد محمود فخر نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے کورونا وائرس کے پیش نظر ملک گیر سطح پر مفت ٹیلی میڈیسن ’’پیما ہیلتھ لائن‘‘ سروس شروع کردی۔ اس سروس کے تحت 40 سے زائد ڈاکٹر ٹیلی فون اور واٹس ایپ کے ذریعے مریضوں کو مفت طبی مشورے دے رہے ہیں۔ پیما فیصل آباد کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیما نے یہ سروس ان لوگوں کے لیے شروع کی ہے، جو مختلف امراض میں مبتلا ہیں تاکہ وہ گھر پر رہتے ہوئے ماہر ڈاکٹروں سے طبی مشورہ حاصل کرسکیں۔ اس مقصد کے لیے ابتدائی طور پر 3 نمبرز عوام کو مہیا کیے جارہے ہیں، جہاں دن میں 12 گھنٹے ماہر ڈاکٹر عوام کی خدمت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ فون کرنے والے مریضوں کو ادویات بھی تجویز کی جائیں گی اور زیادہ مسئلے کی صورت میں کنسلٹنٹ کو ریفر کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عزیر حسن مدنی نے کہا کہ چونکہ اس وقت اسپتالوں میں او پی ڈی عمومی مریضوں کے لیے بند ہے، اس لیے پیما ہیلتھ لائن پر روزانہ سیکڑوں مریضوں کی کالز موصول ہورہی ہیں۔ اس پروجیکٹ کا ایک مقصد لاک ڈائون کو یقینی بنانا بھی ہے کیونکہ کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لیے یہ سب سے مؤثر ہے۔ اس طرح وہ گھر بیٹھے صحت کے معمولی مسائل اور بیماریوں کا علاج کروا سکتے ہیں۔ رضاکارانہ خدمات پیش کرنے والے ڈاکٹروں میں بچوں کے امراض، خواتین کے امراض، دل، معدے، دماغ، آنکھوں، ذیابیطس کے ماہرین، جنرل سرجن اور ماہرین نفسیات شامل ہیں۔ فون پر طبی مشورے کے لیے صبح 9 سے دن 1 بجے تک 0315-5550911، دن 1 سے شام 5 بجے تک 0316-6660912 اور شام 5 سے رات 9 بجے تک 0317-7770913 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔