ٹھٹھہ، ساتویں روز بھی کاروباری مراکز بند، نچلا طبقہ بھوک اور بدحالی کا شکار

436

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ضلع میں لاک ڈائون کے ساتویں روز بھی کاروباری مراکز بند رہے اور ٹریفک بھی راستوں سے غائب نظر آئی۔ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری ٹھٹھہ سمیت ہیڈ کوارٹر مکلی کے داخلی اور بیرونی راستوں پر عارضی چوکیاں قائم کرکے مسلسل گشت میں رہے۔ ادہر لاک ڈائون کے ساتویں روز بھی کاروباری مراکز بند رہنے کی وجہ سے نچلا طبقہ بھوک اور بدحالی کا شکار ہوگیا ہے اگرچہ حکومت سندھ نے نچلے طبقے کے لیے راشن کی تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے اور ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کے اکائونٹ میں دو کروڑ روپے روانہ کردیے گئے ہیں۔ تاہم راشن کی تقسیم کا مرحلہ شروع نہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات سے بھوک کے مارے لوگ سوشل میڈیا کا سہارا لے کر ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں، بلدیاتی اداروں کیخلاف سخت احتجاج کرنے لگے ہیں۔ ٹھٹھہ کے سیاسی، سماجی حلقوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ لاک ڈائون کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کے لیے راشن کی تقسیم کو فوری طور پر یقینی بنائیں۔