لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے لْہر اور قطب کالونی سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں نورل چانڈیو اور شیر خان شیخ نے اپنے بچوں کے ہمراہ لاک ڈاؤن کے دوران راشن نہ ملنے اور مالی مدد نہ کرنے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ہم دہاڑی دار محنت مزدوری کرکے گھر والوں کی کفالت کرتے ہیں، تاہم حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے خدشے کے باعث لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کاروباری مراکز بند ہونے اور بے روزگاری کے باعث گزشتہ 6 روز سے ہمارے بچے فاقہ کشی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لیکن حکومتی سطح پر ہمیں راشن نہیں دیا گیا اور نہ کسی نے مالی مدد کی ہے، جس کے باعث ہم سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ سے اپیل کی کہ راشن فراہم کرکے مالی مدد کی جائے۔