سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کے شکار پور روڈ پر قائم سندھ کے دوسرے بڑے تبلیغی مرکز میں تبلیغی جماعت کے ملکی و غیر ملکی کم و بیش 100 افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے محاصرہ کرکے تمام افراد کو وہیں پر روک لیا، ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق ٹیسٹ رپورٹ آنے تک تبلیغی مرکزکو قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے، جہاں 100 سے زائد افراد موجود ہیں، تبلیغی مرکز کے اندر تمام افراد کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ قرنطینہ سینٹر سے ڈاکٹرز کی ٹیم وہاں پہنچ کر پہلے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرے گی، مثبت رپورٹ کی صورت میں انہیں قرنطینہ سینٹر منتقل جبکہ جن کے ٹیسٹ منفی آئیں گے ان کو واپس ان کے شہروں کی جانب روانہ کردیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ان کی اسکریننگ شروع کردی ہے۔ تبلیغیوں میں 26 غیر ملکی اور باقی ملک بھر کے لوگ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تبلیغی مرکز قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے، مرکز کے دروازے بند کردے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز کی ٹیم بھیج دی گئی، موجود افراد کو فاصلہ دے کر بٹھایا گیا، ان کا تعلق چین، افغانستان، تاشقند و دیگر ممالک سے بتایا جارہا ہے۔ اسکریننگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد تبلیغیوں کو واپس جانے دیا جائے گا۔