دادو (نمائندہ جسارت) گندم کے گوداموں میں دادو پولیس اور محکمہ فوڈ کی زیادتیوں کیخلاف احتجاج اور نعرے بازی کی گئی، گندم کی ترسیل جاری رکھنے کا مطالبہ۔ دادو میں تاجروں عبداللطیف پنہور، یامین کھوسو اور دیگر نے گودام کے اندر پولیس اور محکمہ فوڈ دادو کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پولیس بلا جواز گندم اور آٹے کی گاڑیوں کو روک کر رشوت لے کر پریشان کررہی ہے۔ انتظامیہ کے پاس گندم کو روکنے کا کوئی لیٹر موجود نہیں ہونے کے باوجود گندم اور آٹے کی گاڑیوں کو روک کر ایس ایچ او بی سیکشن بلا جواز رشوت لے رہا ہے اور ہمارے ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے تذلیل بھی کی جارہی ہے۔ گندم کی خرید فروخت کو روکنے سے سندھ بھر میں آٹے کا بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر گندم کی فراہمی میں تمام مسائل حل کرائے جائیں جبکہ دوسری جانب محکمہ فوڈ انسپکٹر دادو نے بتایا کہ گندم کی ترسیل روکنے کے لیے لیٹر ملا ہے گندم کی ترسیل نہیں روکی جائے گی، تو گندم کا ٹارگٹ پورا نہیں ہوسکتا ہے۔