اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کیلیے ضروری صنعتوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،عوام کو کھانے پینے کی اشیا،ادویات اور انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو وزارت منصوبہ بندی میں وڈیو کانفرنس کے ذریعے کورونا وائرس پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پروفاقی وزرا برائے توانائی، خوراک، معاشی امور اور صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔کورونا وبا کے پیشِ نظر ملکی معاشی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جزوی لاک ڈاؤن کے پیش نظر ضروری اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ عوام کو کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا، ادویات کی فراہمی اور انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بند نہ ہونے والی ضروری صنعتوں کے مزدوروں کیلیے احتیاطی تدابیر تشکیل دی جائیں گی، انڈسٹری ایسوسی ایشنز کے تعاون سے ان ہدایات کو لاگو کیا جائے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ کورونا وبا کے پیشِ نظر صنعتوں کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کیلیے وزارت صنعت اقدامات کرے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاویز کو منظوری کے لیے ، قومی رابطہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔