سکھر پریس کلب کے ضرورت مند ممبران ، صحافیوں ، فوٹو جرنلسٹس میں راشن تقسیم

103

 

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن اور اداروں کی جانب سے تنخواہوں کی کچھ ماہ سے عدم ادائیگی سے متاثرہ سکھر پریس کلب کے 105 ضرورت مند ممبران، صحافیوں، فوٹو جرنلسٹس میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا گیا۔ سکھر پریس کلب میں کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سکھر پر کلب کے صدر نصراللہ وسیر کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی کارروائی جنرل سیکرٹری یاسر فاروقی نے چلائی جبکہ پی ایف یو جے کے نائب صدر لالا اسد پٹھان، ممبران ایف ای سی ظہیر خان لودھی، امداد بوزدار نے خصوصی شرکت کی۔ صدر ایس یو جے سلیم سہتو، سکھر پریس کلب کے خازن شہزاد تابانی، نائب صدر ایس یو جے جلال الدین بھیو، خازن کاشف پھلپھوٹو، جوائنٹ سیکرٹری فرقان کھوسو، مبین خان سمیت دیگر عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ میں جاری لاک ڈاؤن اور اداروں کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث سکھر پریس کلب کے متاثرہ پریشان حال 105 ممبران کے خاندان کی فوری کفالت کے لیے ایک ماہ کا راشن تقسیم کا فیصلہ کیا گیا۔ راشن میں آٹا، چاول، گھی، چینی، پتی، کولڈ ڈرنک، دودھ تین اقسام کی دالیں اور گرم مصالحہ جات شامل ہیں۔ اس موقع پر پی ایف یو جے کے نائب صدر لالا اسد پٹھان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سکھر پریس کلب کی انتظامیہ اور شہر کے انسان دوست صنعتکاروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مل کر ہمارے ضرورتمند قلم کے مزدور ساتھیوں کا چولہا ان مشکل حالات میں بجھنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر پریس کلب اور اس کے عہدیداران کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ بحیثیت ادارہ ہر مشکل گھڑی میں اپنے ممبران کیساتھ کھڑے رہے ہیں اور یہ روایت جاری رہے گی۔ سامان کی پیکنگ میں سکھر پریس کلب، سکھر یونین آف جرنلسٹس اور سیفما کے عہدیداران نے ملکر حصہ لیا۔