وزیراعظم کورونا کے بجائے اپوزیشن سے لڑنے میں مصروف ہیں، شہباز شریف

239

اسلام آباد ، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کورونا سے لڑنے کے بجائے اپوزیشن سے لڑنے میں مصروف ہیں۔شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا متحد ہوکر اپنی قوم کو بچانے میں مصروف ہے لیکن پاکستان میں حکومت کی ترجیح اپوزیشن اور میڈیا کو جیل بھیجنا ہے۔ قوم مرتی ہے تو مرجائے عمران نیازی کو اپنی انتقام کی پیاس بجھانی ہے۔اگر شاہد خاقان عباسی کو کچھ ہوا تو عمران نیازی ذمے دار ہوں گے،ایک طرف قیدیوں کورہا کیا جارہا ہے، دوسری طرف ملک کی خدمت کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی خاطر حکومت کی مدد کرنا چاہتی ہے لیکن حکومت انتشار پیدا کررہی ہے، عمران نیازی اپنی مایوسیوں کی سزا قوم کو نہ دے،پہلے بھی نیب کے پاس کچھ نہ نکلا،یہ سیاسی تماشوں کو وقت نہیں۔علاوہ ازیںپاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میںکہاہے کہ عمران صاحب سرحدوں پر کورونا کی ٹیسٹنگ، اسکریننگ کا بندوبست کر نہیں سکے اور سیاست پر زور ہے ، وہ تفتان سرحد پر زائرین کے ساتھ جو بھیڑ بکریوں والا سلوک ہوا اس کا جواب دیں، عمران صاحب اپنی بدترین ناکامیوں کا ملبہ نوازشریف اور شہبازشریف پر ڈالنے سے کام نہیں چلے گا ۔