کراچی ( موسیٰ غنی): کورونا وائرس کرکٹ کے عالمی مقابلوں کو نگلنے لگا ،آئی سی سی ٹی 20ورلڈکپ ایک سال کیلئے ملتوی کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
آئی سی سی کی عالمی ایونٹس کےمستقبل پر مختلف آپشنز کا جائزہ لینے کیلیے ٹیلی کانفرنس آج ہوگی ، مختصر طرز کا میگا ایونٹ اگر 2021 تک موخر کرنے پر اتفاق ہوا تو بھارت میں مختصر فارمیٹ کا ٹورنامنٹ2022 میں کرانے کا آپشن بھی زیر غور آئے گا جبکہ آئی سی سی کوالیفائرز کو ملتوی کردیا گیا جس کا آغاز 16اپریل سےہونا تھا ۔
آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی نے کہاکہ ہمارے لیے کھلاڑیوں، اسٹاف اور پرستاروں کا تحفظ مقدم ہے،ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے حکومتوں کی ہدایات کو اہمیت دے رہے ہیں، متبادل پلانز کے حوالے سے تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی،ہم پْرامید ہیں کہ حالات ٹھیک ہونے پر کرکٹ واپس آئے گی اور شائقین مقابلوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپکس سمیت دنیا بھر میں تمام کھیلوں کےبین الاقوامی مقابلے منسوخ کیے جاچکے ہیں ، ٹی 20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ہے تاہم ابھی تک آئی سی سی نے اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا،البتہ ذرائع کے مطابق ایونٹ ایک سال کیلئے ملتوی ہونے کا امکان ہے۔عالمی ایونٹس کے مستقبل کا فیصلہ آج ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ہوگا ۔ مختصر طرز کا میگا ایونٹ اگر 2021 تک موخر کرنے پر اتفاق ہوا تو بھارت میں مختصر فارمیٹ کا ٹورنامنٹ2022 میں کرانے کا آپشن بھی زیر غور آئے گا، ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ کے میچز بھی ری شیڈول ہوسکتے ہیں۔