اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے بھر پور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ چین سے کل 8 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم پاکستان پہنچے گی، چینی ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان کو ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرے گی۔
ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تیزی سے بھر پور اقدامات کررہے ہیں، چینی ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لے گی اور چینی ڈاکٹرز کے تجربات سے بھر پور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے دنیا بھرمیں پھیلنے والا جان لیوا کورونا وائرس سے دنیا کے 198 ممالک میں 5 لاکھ 32 ہزار 224 افراد متاثر، 24 ہزار 87 افراد ہلاک جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 1 لاکھ 24 ہزار326 افرادصحت ہوچکے ہیں۔