(صحت کا تحفظ حکومت کی ذ مے داری ہے)عوام نے تعاون نہ کیا تو محنت ضائع ہوجائیگی‘ بلاول

403

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے لاک ڈائون کے دوران عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ 14 دن کے لیے گھروں میں نہ رہ کر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہیں تو ساری محنت ضائع ہو جائے گی۔ ایک وڈیو پیغام میں بلاول زرداری نے کہاکہ آپ سندھ حکومت سے تعاون کریں‘ گھر پر رہیں‘ اپنی زندگی کا تحفظ کریں‘ اگر ہم سب ایک ہوجائیں تو کورونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے‘ کسی بھی حکومت کی اہم ذمے داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے‘ لوگ بیمار اور ہلاک ہو رہے ہیں‘ کورونا وائرس کا پھیلا ئو روکنے اور عوام کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت نے سخت فیصلے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے‘ اگر لاک ڈائون کے دوران آپ بیمار ہو جاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جا سکے‘ لاک ڈا ئون کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو سندھ حکومت کوشش کرے گی کہ لوگوں کو راشن پہنچائے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ غریبوں کا خیال رکھیں‘ مخیر حضرات سندھ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ غریبوں کا خیال کیا جا سکے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نوٹیفکیشن نکالا ہے کہ لاک ڈائون کے دوران کوئی کسی کو بے روزگار نہیں کر سکتا اور ملازمین کو تنخواہیں بھی پوری دینی ہوں گی۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ آپ جہاں نوکری کرتے ہیں اگر وہ سندھ حکومت کے فیصلے کو نہیں مان رہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں۔ بلاول زرداری نے صنعت کار و کاروباری حضرات سے مخاطب ہو کر کہا کہ لاک ڈا ئون کے دوران اگر آپ ملازمین کو نہیں نکالتے اور تنخواہیں دیتے ہیں تو سندھ حکومت بعد میں آپ سے بھی تعاون کرے گی‘ سندھ حکومت ایسے اقدامات بھی کر رہی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف بھی پہنچا سکے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری مدد کرے۔