کورونا وائرس: پنجاب میں پہلی ہلاکت کی تصدیق

615

لاہور: پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ،پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔

پنجاب کی ویزر صحت یاسمین راشد نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ کورونا وائرس کا شکار  57 سالہ افراسیاب میو اسپتال میں دم توڑ گیا جس کے بعد ملک میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 7ہوگئی ۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ  پورے ملک کیلئے مشکل ترین وقت ہے اور ہم اپنے گھروں میں رہ کر ہی اس وبا سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ وائرس  سے پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 3 جبکہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک، ایک مریض ہلاک ہوچکا ہے، ملک بھر میں 6 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر کو متاثر کرنے والا مہلک مرض 195 ممالک تک پھیل گیا جس نے متاثر ہونے والے 17 ہزارسے زائد افراد کی جان لے لی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک میں کورونا وائرس سے تقریباً 4 لاکھ افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

ورلڈ ومیٹر کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسے شکست سے دوچار کرنے والے افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 2 ہزار 4843 ہے۔

کورونا وائرس کا آغاز چین سے ہوا تھا تاہم چین اب بڑی حد اس مہلک وائرس پر قابو پا چکا ہے تاہم اب اس موذی مرض سے سب سے زیادہ اٹلی متاثر ہے جہاں اموات کی تعداد 6077 تک پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ چین میں 3277، اسپین میں 2311، امریکہ میں 582، ایران میں 1812، جرمنی میں 123 اور فرانس میں 860 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔