سکھر (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر سندھ بھر میں لاک ڈائون کیا گیا ہے وہیں ریلوے سکھر ڈویژن کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے غیر سنجیدہ نظر آتی ہے، ملک کے اہم اور مصروف ترین روہڑی ریلوے اسٹیشن پر کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر آویزاں کرنا تو دور کی بات، مسافروں کے لیے ہاتھ دھونے کے انتظامات تک نہ کرسکی۔ ریلوے اسٹیشن پر تاحال اسکریننگ مشین بھی فراہم نہیں کی جاسکی، سیکڑوں مسافر ملک بھر سے روہڑی ریلوے اسٹیشن پر بغیر اسکریننگ کرائے پہنچنے کا سلسلہ جاری، مذکورہ صورتحال پر سکھر اور روہڑی کے شہری شدید خوف و ہراس میں مبتلا، روہڑی ریلوے اسٹیشن سمیت سکھر اسٹیشن پر فوری طور پر انتظامات کرنے کا مطالبہ۔ ملک میں کورونا وائرس کے خدشات کے باعث سندھ بھر میں مکمل لاک ڈائون کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے پولیس، رینجرز اور افواج پاکستان نے سندھ کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی اپنا کنٹرول سنبھال کر حکومت سندھ کی جانب سے کیے جانے والے لاک ڈائون پر سختی سے عملدرآمد کرانا شروع کردیا ہے، لیکن ریلوے سکھر ڈویژن کی انتظامیہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے تاحال غیر سنجیدہ نظر آتا ہے۔ روہڑی ریلوے اسٹیشن پر احتیاطی تدابیر کے بینر آویزاں کرنا تو دور کی بات، عملے کو حفاظتی انتظامات کرنے کی آگاہی تک نہیں دی گئی ہے، اتوار کے روز کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس جیسے ہی روہڑی ریلوے اسٹیشن پر پہنچی تو مسافروں کی بڑی تعداد روہڑی ریلوے اسٹیشن پر جمع ہوگئی۔ ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نہ تو کسی جگہ پر ہجوم اکٹھا کرنا ہے اور نہ ہی ایک شخص دوسرے شخص کے زیادہ قریب ہوگا، لیکن ان تمام قوانین پر احتیاطی تدابیر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے روہڑی ریلوے اسٹیشن پر کسی قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جارہی ہیں۔ ملک کے اہم اور مصروف ترین روہڑی ریلوے اسٹیشن پر ریلوے وزیر کی جانب سے نہ تو کورونا وائرس کی اسکریننگ مشین فراہم کی گئی ہے اور نہ ہی روہڑی ریلوے اسٹیشن پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے واضح احکامات دیے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث مسافروں کے ساتھ ساتھ ریلوے پولیس اور دیگر عملہ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔ روہڑی ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے عملے سمیت مسافروں نے ریلوے وزیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریلوے اسٹیشنوں پر اسکریننگ مشین فراہم کرے اور عملے کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایات جاری کریں اور جو مسافر ریل سے سفر کرکے جن ریلوے اسٹیشنوں سے سٹی میں داخل ہوں اور ریل سے سفر کرنے کے لیے ریلوے اسٹیشنوں پر آئے، ان کی مکمل اسکریننگ کی جائے تاکہ ریلوے اسٹیشنوں پر کورونا وائرس کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔