لاڑکانہ میں چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مکمل بند ،سڑکیں ویران

100

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے باعث صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کے بعد دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی لاک ڈاؤن رہا جس کے باعث شہر کے اہم کاروبار مرکز سمیت چھوٹے بڑے کاروبار مکمل طور بند رہے جبکہ شہر کے تمام روڈوں اور چوراہوں پر ٹریفک غائب ہوگئی، شہر کے گنجان آبادی میں دکانداروں کی جانب سے دکانیں کھولنے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس کی جانب سے تمام دکانوں کو بند کرتے ہوئے انہیں سخت ہدایات جاری کیں، کرفیو نما لاک ڈاون کے پیش نظر شہر کے تمام کاروباری مراکز اور اہم چوراہوں پر بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قلم 144 نافذ کرنے کے بعد گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ دوسری جانب لاک ڈاؤن کے بعد پیر کی شب دیر گئے رینجرز اور پولیس کی جانب سے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر مشترکہ فلیگ مارچ کرتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا جس دوران خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے 150 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں پر منتقل کردیا جنہیں ہدایات جاری کرنے کے بعد رہا کردیا گیا۔ایس ایس پی مسعود احمد بنگش کے مطابق لاڑکانہ میں لاک ڈاؤن کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کے لیے جامع حکمت عملی طئے کی گئی ہے جس کے باعث اس وقت تک پولیس سیکورٹی کے انتظامات سرانجام دے رہی ہے اگر پاک فوج اور رینجرز کی ضرورت پڑی تو انہیں بھی طلب کریں گے، فی الحال امن امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے۔