لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امریکا چین کے خلاف منفی پروپیگنڈا بند کرے اور ایران کے عوام کی مدد کے لیے انسانی بنیاد پر پابندی ختم کرے ۔ مہلک کورونا وبا کے ماحول میں بھی امریکا کا رویہ انسان دشمن ہے ۔ چین کے خلاف الزام تراشیاں اور ایران میںکورونا وبا پھیلی ہوئی ہے ، اس کے باوجود پابندیوں میں نرمی کے بجائے سختی، صریحاً ظالمانہ اقدام اور انسانوں کے قتل کے مترادف ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے پوری قوم کو اللہ سے دعا کے لیے کہا ہے لیکن دعاکے ساتھ اللہ کی مخلوق سے ظالمانہ روش تضاد اور منافقت ہے ۔ پوری دنیا کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے امریکا اپنے مفادات ، مقاصد کی جنگ لڑ رہاہے ۔ امریکی قیادت اس روش سے اپنے آپ کو دنیا سے الگ تھلگ کر کے تنہا ہورہی ہے ۔ دنیا بھر میں امریکا کے خلاف مزید نفرت بڑھے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی و الخدمت کے رضاکاراور کارکنان انسانی خدمت کی دوڑ دھوپ میں خود بھی احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں ۔ عوام کو کورونا سے بچائو کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں ۔ جماعت اسلامی کے دفاتر ،الخدمت کے تمام ادارے ،ا سکول ، مدارس ، کالجز سب کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کورونا وبا سے بچنے کے لیے اقدامات میں تاخیر کی ۔ قومی نظام ، طبی سہولیات ناکافی ہیں۔ اب بھی وہ سہولتیں عوام کو میسر نہیں ۔ وزیراعظم اور وزرا دعوئوں ، اعلانات کے بجائے عملاً کام کریں ، عوام کو سہولتیں دیں ۔ سیاسی حربوں کے بجائے قومی قیادت اور پوری قوم کو متحد کریں ۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں رہائی پر مبارکباد دی ۔ مسلم لیگ ن کے رہنماخواجہ سعد رفیق نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا ۔ لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت مکمل طو رپر ناکام ہوچکی ہے ۔ عدالت کے فیصلے سے نیب کے اقدامات کی نفی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی جماعتوں اور قیادت کے درمیان باہمی رابطے پائیدار جمہوریت کے فروغ کے لیے نیک شگون ہیں۔ اس وقت ملک و قوم کو رونا وائرس کی وبا سے گزررہے ہیں ۔ دینی، سیاسی ، سماجی جماعتوں اور سول سوسائٹی سمیت تمام مکاتب فکر کا فرض ہے کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں خیرو فلاح کے لیے ایک دوسرے کے مدد گا ر بنیں ۔لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ پاک فوج کے شہید لیفٹیننٹ آغا مقدس کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے والدآغا ارشد سے اظہار تعزیت کیا ۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے چودھری محمد شوکت بھی موجود تھے ۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے ملاقات کے موقع پر کہاکہ شہید آغا مقدس نے ملک و قوم کے لیے جان قربان کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کردیاہے۔ شہید کی موت در اصل قوم کی حیات ہے ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ اور ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے سینئر صحافی و تجزیہ کار افتخار احمد کی رہائش گاہ پر جاکر ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے بلندی درجات کی دعا کی ۔