نوروز پر امریکی اور اسرائیلی وزرائے خارجہ کا ایرانی عوام کو پیغام

156

واشنگٹن ؍ مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران میں سال نو کے تہوار ’نوروز‘ کے موقع پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبارک باد کے پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کے لیے امریکا کی انسانی بنیادوں پر امداد کی پیش کش اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر بیان میں لکھا کہ نوروز کا موقع دراصل اپنے خاندان اور بچوں کے ساتھ خدا کی عطا کردہ نعمتوں کو یاد کرنے اور ان سے لطف اندوز ہونے کا ہے، تاہم بدقسمتی سے رواں برس ’نوروز‘ کے موقع پر کورونا وائرس نے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ایرانی باشندوں کو اسرائیلی باشندوں کی طرف سے نوروز پر مبارک باد پیش کی گئی ہے۔ تحریر کے مطابق اس مرتبہ نوروز کی خوشیاں گزشتہ تلخ، سوگوار اور درد سے بھرے سال میں ڈوب گئی ہیں۔ ایرانی عوام کے لیے گزشتہ برس انتشار، سیاسی بحران، ہلاکتوں، مظاہروں، اموات اور اقتصادی دباؤ کا سال تھا۔ ہماری خواہش ہے کہ نیا سال ایرانی باشندوں کے لیے دوستی، محبت، خوش حالی اور روشن ہونے کے ساتھ آزادانہ ماحول میں خوش رہنے کا سال ثابت ہو۔