کوئٹہ ،کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکہ 7 کان کن جاں بحق

420

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے 7 مزدور جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ کوئٹہ سے 60 کلومیٹر دور ڈیگاری میں پیش آیا جہاں کان میں میتھین گیس بھرجانے کے باعث زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کان میں کام میں مصروف 7 مزدور موقع پر جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے بعد لیویز ، ریسکیو اور مقامی افراد نے کان میں دھنسے افراد کو باہر نکالا۔ چیف انسپکٹر مائنز شفقت فیاض کے مطابق جاں
بحق افراد میںبیشتر کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے جو کوئٹہ کے ہزارہ ٹائون کے رہائشی ہیں ، جاں بحق اور زخمی افراد کی شناخت کی جارہی ہے۔ شفقت فیاض کا کہنا تھا کہ اس وقت دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔دھماکے سے کان میں موجود 7 کان کن جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔ کئی گھنٹوں کی امدادی کارروائیوں کے بعد کان کنوں کی لاشیں نکال کر آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔جاں بحق افراد میں سے 4 کا تعلق ہزارہ برادری اور3 کا ڈیگاری سے بتایا جاتا ہے۔پاکستان مائنز اینڈ لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری سلطان خان نے بتایا کہ کان کے اندر گیس کے اخراج کے باعث دھماکا ہوا، کان کنوں کو چھٹی کے باوجود کام پر بلایا گیا تھا۔مائنز اینڈ منرلز ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 19 برس میں بلوچستان میں ایسے حادثات میں ایک ہزار سے زاید کان کن جاں بحق ہوچکے ہیں۔پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے مطابق ملک میں کانوں کے حادثات میں سالانہ اوسطاً 200 ہلاکتیں ہوتی ہیں۔