ایران، چین، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے آئے 75 افراد آبزرویشن میں

312

کوٹری (نمائندہ جسارت) جامشورو میں ایران، چین، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے آنے والے 75 افراد آبزرویشن میں، ملک اسد سکندر کی ضلع افسران کو کورونا وائرس سے پھیلاؤ کے بچاؤ کے لیے ڈور ٹو ڈور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت، کھلے ہوئے تجارتی مراکز بند کرنے اور حکومتی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ۔ لوگوں کو زیادہ وقت اپنے گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت۔ ایم پی اے ملک اسد سکندر کی زیر صدارت ضلعی افسران پر مشتمل ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی اور دیگر علاقوں سے بذریعہ ہائی ویز داخلی راستوں کی سخت نگرانی اور باہر سے آنے والے افرا د کی مانیٹرنگ میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ 175 بستروں پر مشتمل ضلع بھر میں آئسولیشن سینٹر بنائے گئے ہیں جبکہ محکمہ لیبر سے 512 فلیٹس کوٹری اور 192 فلیٹس نوری آباد میں تمام تر سہولیات کے ساتھ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، جہاں مریضوں کو کھانا، ٹوائلیٹ کٹ، ٹوتھ پیسٹ، ہینڈ واش، سینی ٹائزر سمیت دیگر اشیا موجود ہیں۔ ایس ایس پی جامشورو امجد شیخ نے بتایا کہ حکومتی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد سے سختی سے نمٹنے کے لیے پولیس افسران کو کہہ دیا گیا ہے، تاکہ لوگوں کو روز مرہ کے ممنوعہ معمولات سے روکا جاسکے۔