دادو (نمائندہ جسارت) عدالتی پابندی کے باوجود دادو کے نواحی گاؤں تھرڑی محبت میں خفیہ جرگہ، جرگے میں شادی شدہ شخص نے پسند کی دوسری شادی کرنے پر بھاری قیمت چکا دی، دو بیٹیاں بھی ادا کی جائیں گی، تھرڑی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کے مقدمہ درج کرلیا۔ عدالتی پابندی کے باجود خفیہ جرگے کی ویڈیو میڈیا پر وائرل ہوگئی، جرگہ دادو کے نواحی گاؤں تھرڑی محبت میں ہوا، جس میں شادی شدہ شخص نے پسند کی شادی کے لیے بھاری قیمت چکا دی، جرگے میں طے کیا گیا کہ دوسری شادی رچانے والا دولہا سعید سیلرو جرمانے کے طور پر پہلی بیوی سے ہونے والی 2 بچیاں دوسری بیوی کے والد عاشق سیلرو کو دے گا، بچیاں نہ دینے کی صورت میں 10 لاکھ روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ شادی شدہ شخص سعید سیلرو نے دوسری شادی ذولیخا نامی نوجوان لڑکی سے کی تھی جرگہ میں لڑکی ذولیخا کا والد عاشق سیلرو نہیں تھا، نکاح اور جرگہ بااثر شخصیت صدام ناریجو کی سربراہی میں ہوا۔ تھانہ تھرڑی پولیس نے کارروائی کرتے سرپنچ، دولہا، دلہن کے باب سمیت 6 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔