لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈوکری کے قریب تھانہ ایئر پورٹ کی حد جکھرا موڑ کے قریب تیز رفتار ڈاٹسن اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں مایوں کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والے گاؤں بلہڑیجی کے رہائشی سعید احمد سومرو، ان کی اہلیہ فہمیدہ، 8 سالہ بیٹا ہادی بخش، 11 سالہ بیٹی شائستہ اور پانچ سالہ بیٹا آفتاب سومرو شدید زخمی ہوئے، اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر ڈاٹسن تحویل میں لی اور ڈرائیور کو گرفتار کرکے لاکپ کردیا تاہم حادثے کے بعد سعید احمد سومرو زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر زخمیوں کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے متوفی سعید احمد سومرو کی 11 سال بیٹی شائستہ دم توڑ گئی جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ ورثا کے مطابق متوفی سعید احمد سومرو مایوں کی تقریب میں شرکت کے لیے اپنے گھر والوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ راستے میں ڈاٹسن اور موٹر سائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں سعید احمد سومرو اور ان کی بیٹی شائستہ جاں بحق ہوگئیں۔ دوسری جانب متوفین کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ تعلقہ کی حد حمزہ کالونی میں تیز رفتار چنگ چی اور موٹر سائیکل میںٹکر کے نتیجے میں حمزہ کالونی کا رہائشی چنگ چی ڈرائیور 18 سالہ نوجوان اوشاق مستوئی اور موٹر سائیکل سوار 22 سالہ روشن جمالی شدید زخمی ہوئے۔ اطلاع پر حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کر زخمیوں کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چنگ چی ڈرائیور نوجوان دم توڑ گیا جبکہ ضروری کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کی گئی۔