اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان میں متعین ا یرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کو خط لکھ کر ایران پر لگی امریکی پابندیوں کو نرم کرنے کے حق میں آواز بلند کرنے کی درخواست کی ہے ۔ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف کو خط لکھنے کا مقصد ایران میں انسانیت کو لاحق خطرات سے آگاہ کرنا ہے، امریکی پابندیوں کی وجہ سے کورونا سے ایرانی عوام کو بچانے اور علاج میں مشکلات پیش آرہی ہیں، اس وقت ایران میں کورونا سے
ہونے والی اموات کی بنیادی وجہ ضروری سامان اور ادویات کی عدم فراہمی ہے، امریکی پابندیوں کی وجہ سے مالی وسائل استعمال کرنے میں رکاوٹیں ہیں۔ پاکستان میں متعین ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے گزشتہ روزمیاں محمد شہباز شریف کوخط لکھا ہے۔ایرانی سفیر نے ایرانی سفارتخانے کے ذریعے شہباز شریف کوخط لکھا ہے۔ شہباز شریف کی جانب سے خط کی کاپی بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ادویات، ضروری ساز و سامان درکار ہے،امریکی پابندیوں کی وجہ سے کورونا سے ایرانی عوام کو بچانے اور علاج میں مشکلات پیش آرہی ہیں،اس وقت ایران میں کورونا سے ہونے والی اموات کی بنیادی وجہ ضروری سامان اور ادویات کی عدم فراہمی ہے،امریکی پابندیوں کی وجہ سے مالی وسائل استعمال کرنے میں رکاوٹیں ہیں۔ خط میں ایرانی سفیر نے شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ وہ ایرانی لوگوں اور بہادر ڈاکٹرز جو کہ مختلف پابندیوں کے باوجود وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کوشش کر رہے ہیںکی مدد کریں اور ایران پر لگی پابندیوں کو ختم کرانے ، بینکنگ چینلز کو کھلوانے اور رائج طریقہ کار کے مطابق عالمی تجارت کے راستے کھلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔