واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے کورونا وائرس کے باعث ایران میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باوجود پابندیاں ہٹانے سے انکار کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکا کی معاشی قدغنوں کے نتیجے میں ایران کو مہلک وائر س سے نمٹنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ پابندیاں امدادی سامان اور طبی آلات کی ترسیل پر اثرانداز نہیں ہو رہیں۔ ایران سے متعلق امریکا کے خصوصی نمایندے برائن ہک کا کہنا تھا کہ ایران پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔ برائن ہک نے دعویٰ کیا کہ ایران کو کورونا کے خلاف مدد کی پیش کش کی گئی تھی جسے تہران حکام نے مسترد کر دیا۔ دیگر ممالک کا الزام ہے کہ ایران اربوں ڈالر دہشت گردی کے فروغ اور دیگر ممالک میں مداخلت پر خرچ کرتا ہے۔