لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے حکمران خود بھی توبہ و استغفار کریں اور قوم سے بھی اپیل کریں ، ہم استغفار ،احتیاط اور امید کے ساتھ کورونا وائرس کو شکست دیں گے۔
لاہور میںکورونا آگہی اور صفائی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے فلاحی ادارے اور سیاسی کارکن میدان میں نکلیںاور سیاست سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کریں۔ حکومت جلد ازجلد غریبوں کے لیے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کرے اور 25ہزارروپے سے کم آمدنی والوں کے بجلی اور گیس کے بل معاف کردے ،حکومت نے اب بھی عوام کو ریلیف نہ دیا تو اس سے بڑھ کرکوئی ظلم نہیں ہوگا۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ملک بھر میں ہمارے لاکھوں کارکنان رضا کارانہ طور پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عوام میں سینی ٹائزر،ماسک اور صابن وغیرہ تقسیم کررہے ہیں ۔الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے سینکڑوں اسپتال ،ڈسپنسریاں اور300 ایمبولینسز عملے سمیت حکومت کو پیش کردیے ہیں ،ہم مرکزی اور صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کررہے ہیں ،یہ اجتماعی مسئلہ ہے اورپوری قوم کو مل کر کورونا کے خلاف لڑنا ہے ۔
سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ دنیا اپنے بے بہا وسائل ہتھیار بنانے پر خرچ کررہی ہے اور اتنے مہلک ہتھیار بنا لیے ہیں جن سے دنیا 11 بار تباہ ہوسکتی ہے ،اگر یہی وسائل انسانی ترقی ،تعلیم اور صحت پر خرچ ہوتے تو آج ایک معمولی جرثومے سے دنیا خوف زدہ نہ ہوتی ۔
سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اللہ کی رضا کے لیے اپنے ارد گرد موجود غربا و مساکین اور پریشان حال لوگوں سے تعاون اور ان کی مدد کریں تاکہ کورونا کے نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے ۔جماعت اسلامی کی رجوع الی اللہ اور کورونا آگہی و صفائی مہم جاری ہے اور جب تک اس وبا سے نجات حاصل نہیں کرلیتے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کے ساتھ اس مہم کو جاری رکھیں گے۔
سینیٹر سراج الحق نے صحافی حضرات اور عام لوگوں میں سینی ٹائزر ،ماسک اور صابن بھی تقسیم کیے ۔