میئر سکھر نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی

135

 

سکھر (نمائندہ جسارت) بلدیہ اعلیٰ سکھر کا دسواں عام اجلاس، میئر سکھر نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی، کورونا وائرس سے بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بلدیہ اعلیٰ سکھر کا دسواں عام اجلاس میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی زیر صدارت پیر الٰہی بخش ٹاور میں منعقد ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے، صابن کی تقسیم، شہر کے مختلف مقامات پر ہاتھ دھونے کی سہولت دینے سمیت کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، یوسی چیئرمینز، خواتین ممبران سمیت میونسپل افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں تمام اراکین کونسل نے فرداً فرداً کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور اس سلسلے میں حکومت سندھ بالخصوص وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ سمیت میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت سندھ کے احکامات کی روشنی میں ہر یوسی کے لیے ایک لاکھ روپے مالیت کے صابن خرید کر مکینوں میں تقسیم کیے جائیں گے، کورونا کی روک تھام کے لیے یوسی چیئرمین اپنی اپنی یوسی کے مکینوں میں آگاہی فراہم کریں گے جبکہ اس سلسلے میں یوسی چیئرمین پر مشتمل وفد علما کرام اور تاجر تنظیموں کے سربراہان سے بھی ملاقات کرے گا تاکہ وہ بھی عوام میں شعور بیدار کرنے میں انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اراکین کونسل کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر سٹیزن پورٹل کی طرز پر ایک موبائل ایپلی کیشن بنام سکھر سٹیزن پورٹل شروع کررہے ہیں جبکہ ٹول فری نمبر 111757777 بھی تفویض ہوچکا ہے اور ویب سائٹ www.smc.gos.pk بھی عمل میں آچکی ہے۔ شہری گھر بیٹھے درپیش مشکلات کی شکایت درج کراسکیں گے۔ ایپلی کیشن میں تمام افسران کے موبائل نمبرز دیے گئے ہیں، جس محکمے سے متعلق شکایت ہوگی اس کے سربراہ، افسر کو موبائل پر فوری پیغام موصول ہوجائے گا اور وہ افسر اس شکایت کو دور کرنے کا پابند ہوگا۔ اس طرح شہریوں کی دفاتر کے چکر لگانے سے جان چھوٹ جائے گی اور وہ گھر بیٹھے درپیش مشکل حل کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر سکھر میونسپل کارپوریشن کے تمام دفاتر کھلے رہیں گے، مگر عام شہریوں کے دفتر میں داخلے پر پابندی ہوگی، شہری گھر بیٹھے موبائل ایپلی کیشن، ٹول فری نمبر اور ویب سائٹ پر درپیش مسائل کے بارے میں شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ ڈپٹی میئر سکھر طارق حسین چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نہ صرف 1100 بیڈز پر مشتمل دنیا کا سب سے بڑا قرنطینہ سینٹر قائم کیا بلکہ ایران سے آئے اپنے بھائیوں کو خوش آمدید بھی کہا اور ان کی مہمان نوازی میں بھی کوئی کثر نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ہم سندھ حکومت اور میئر سکھر کی جانب سے اٹھائے جانے والے ہر اقدام پر ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ اجلاس میں ڈپٹی میئر سمیت تمام کونسل اراکین نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہیں کورونا وائرس ویلفیئر میں دینے کا اعلان کیا۔ میئر سکھر نے اپنی تنخواہ کے علاوہ تمام خواتین ممبران کی تنخواہوں کے برابر پیسے فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔ اجلاس کے اختتام پر کورونا وائرس سے نجات کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔