اسلام آباد(اے پی پی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زاید اثاثوں کی تحقیقات کے
لیے نیب کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔عدالت عالیہ نے نیب سے 26 مارچ تک جواب بھی طلب کر لیا ہے۔ جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس غلام اعظم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے خورشید شاہ کیخلاف آمدن سے زاید اثاثوں کے کیس میں تحقیقات کے لیے نیب کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف خورشید شاہ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت خورشید شاہ کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔عدالت عالیہ نے خورشید شاہ کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ جے آئی ٹی تشکیل کا نوٹیفکیشن نیب کا تحریری جواب آنے تک معطل رہے گاتاہم نیب آرڈی نینس کے تحت نیب کے تفتیشی افسر کو انوسٹی گیشن کا اختیار ہو گا۔ نیب نے خورشید شاہ کیخلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں تحقیقات کے لیے مختلف اداروں کے نمائندوں پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دی تھی، جس کیخلاف خورشید شاہ کی جانب سے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔