کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل محمد رفیعی نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ایک طرف کورونا وائرس دنیا میں وبائی شکل اختیار کر چکا ہے وہیں دوسری طرف ایران پر امریکی پابندیاں اس وائرس کو کنٹرول کرنے اور اسکے خاتمے میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ صحت عامہ سے متعلق تمام طبی سازو سامان کی خریداری میں ایران کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کوروناوائرس کے خلاف ایرانی اقدامات کی تعریف کافی نہیں بلکہ طبی سازو سامان اور ادویات کی خریداری
میں حائل بین الاقوامی رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔ امریکا کی جانب سے غیر انسانی اور ظالمانہ پابندیوں کی وجہ سے ایران میں صحت عامہ اور طب کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ ایران نے ان حالات کا اکیلیہی مقابلہ کیا ہے لیکن وبا مزید پھیلنے کی صورت میں اسے عالمی امداد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ عالمی ادارے اور دوسرے ممالک کی جانب سے امداد اور طبی سازو سامان کی راہ میں امریکا سمیت کسی ملک کو بھی رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ۔ امریکااور اسکے اتحادی انسان دوستی کے نعرے لگاتے ہیں مگر عملاً وہ اسکے بر خلاف رہے ہیں۔امریکا دباؤ میں مزید تیزی لانے کے لیے ایرانی عوام کو دیوار سے لگانا چاہتا ہے ۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا نزاکت کا بروقت ادراک کرتے ہوئے امریکا سے ایران کے خلاف پابندیاںاٹھانے کا مطالبہ قابل قدر ہے ،مسلم امہ اور میڈیا غیر انسانی پابندیوں کے خلاف ایران کے ہم آواز بنیں گے۔