لاہور (نمائندہ جسارت)جمعہ کے اجتماعات میں کورونا وائرس سے بچائو اور حفاظت کیلیے شعور بیدار کیا جائے گا۔احتیاطی تدابیرکا اہتمام سنت رسول ؐ ہے۔ ایسی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں جس سے خیر کا پہلو نکلتا ہو۔کورونا وائرس سے نجات کیلیے رجوع الی اللہ کی ضرورت ہے۔ جان لیوا وائرس سے بچائو کیلیے صفائی ،احتیاطی تدابیر کے ساتھ کثرت سے دعائوں کا اہتمام کیا جائے۔ خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی بجائے توبہ واستغفار کرنا چاہئے۔مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مرکزی علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد شاہ نواز فاروقی ،وائس چیئرمین مولانا عبید الرحمن ضیاء ،مولانا یار محمد عابد ، پیر جی خالد محمود قاسمی، حافظ محمد شعبان صدیقی،حافظ شعیب الرحمن،مولانا عبد المنان عثمانی،مولانا شبیر احمد عثمانی،حافظ محمد امجد،مولانا خالد محمود سرفرازی، حافظ محمد طیب قاسمی، میاں محمد طیب قاسمی،علامہ حفیظ الرحمن کشمیری ،مفتی حفظ الرحمن بنوری ودیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ پاکیزہ زندگی ہی وباؤں سے نجات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔بطور مسلمان کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا خصوصاً صفائی کا اہتمام لازم ہے۔محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ نے مسلمانوں کو اللہ تعالی سے عافیت کی دعا مانگنے کی تعلیم فرمائی ہے۔اس لیے ظاہری تدابیر اور علاج کے ساتھ ساتھ گناہوں سے اجتناب کا عزم مصمم اور اللہ رب العزت سے دعاؤں کا اہتمام مستقل طور پر رحمت خداوندی کو متوجہ کرنے کا ذریعہ ہے۔اللہ کی رحمتوں سے وہ انسان بیماریوں اور ہر طرح کی مصیبتوں سے محفوظ رہتا ہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا محمد شاہ نواز فاروقی نے کہا ہے کہ دنیاکو اس وقت کئی مُہلک بیماری پھیلانے والے وائرس کا سامنا ہے۔ ان میں سے ایک خطرناک وائرس ’’کورونا‘‘ ہے ۔جس نے پوری دنیا کوخوف وہراس میں مبتلاکردیا ہے۔مرکزی علماء کونسل پاکستان سے منسلک علماء و خطبا ء سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کوروناوائرس سے عوام میں پیدا ہونے والے خوف وہراس کو ختم کرنے کیلیے 20مارچ کو جمعہ کے خطبات میں کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کیلیے شعور بیدار کیا جائے۔